اندور،27/جون (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا)مدھیہ پردیش کے اندور میں بی جے پی ممبر اسمبلی آکاش وجے ورگیہ کے خلاف میونسپل ملازمین متحرک ہو گئے ہیں۔آکاش نے بدھ کو ایک میونسپل افسر کی کرکٹ بیٹ سے پٹائی کی تھی۔ممبر اسمبلی کے جرم سے ناراض ملازمین کارپوریشن دفتر کے باہر جمع ہوئے اور مظاہرہ کیا۔اس دوران بی جے پی نے اب تک اس معاملے میں رکن اسمبلی آکاش کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔اپنے بازو پر سیاہ پٹی باندھ کر ملازمین نے غصے کا اظہار کیا۔ملازمین نے کہا کہ ان کے حقوق کی حفاظت ہونی چاہئے، احتجاج کر رہے ایک کارپوریشن اہلکار نے کہاکہ ہمارا جو ملازم میدان میں ہے، اس کی حفاظت کی جائے،وہ ڈرا ہوا ہے،جو ملازم سے مارپیٹ کرے گے، ان کے خلاف ہم آواز اٹھائیں گے۔اس درمیان آکاش کے بیان پر کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ نے نشانہ لگایا ہے۔دگ وجے نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہاکہ آکاش کو بی جے پی میں سکھایا جاتا ہے، پہلی نویدن،آویدن اور پھر دنادن،کیا اس سے واضح نہیں ہوتا کہ بی جے پی کو نہ قانون پر، نہ نظام پراور نہ آئین پر یقین ہے۔